مظفرآباد: آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا، جس کے بعد مظفرآباد ڈویژن کی نشستوں اور مہاجرین کی نشستوں پر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہی۔ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا تاکہ ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع مل سکے۔
ایل اے 27 مظفرآباد ون میں خراب موسم کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق ملتوی ہونے والی نشست پر انتخابات اب 4 اگست کو ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مہاجرین کی نشستوں سے متعلق کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں، جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کسی دباؤ میں نہیں آئے گا اور تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ مقررہ وقت شام 5 بجے تک جاری رہی، جبکہ وہاں بھی ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کی نشستوں پر 208 جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔