عالمی وبا نے پاکستان کو جکڑ لیا، مزید 75 شہری مرض سے جاں بحق

Global pandemic grips Pakistan, 75 more civilian die
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عالمی وبا سے پاکستان میں صحت عامہ کی صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ اموات میں اضافے کی رپورٹس نے خطرہ بڑھا دیا ہے لیکن عوام اس کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر سنجیدگی نہیں دکھا رہے۔ حالیہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 75 شہری عالمی وبا میں مبتلا ہو کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 2829 پاکستانی وبا میں مبتلا پائے گئے۔ 75 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 2079 شہریوں نے اس متعدی مرض سے چھٹکارا حاصل کیا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اس وقت پاکستان بھر میں عالمی وبا کے 4 لاکھ 3311 کنفرم مریض موجود ہیں، ایکٹو کیسز کی تعداد 49 ہزار 780 ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 166 ہو چکی ہے۔

آزاد کشمیر کی صورتحال دیکھی جائے تو وہاں اس وقت 6 ہزار 982 کنفرم کیسز ہیں۔ 1446 ایکٹو کیس جبکہ 173 اموات رپورٹ ہو چکی ہے۔ پاکستان کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو صوبہ بلوچستان میں اس وقت تک 169 افراد عالمی وبا کی وجہ سے موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔ وہاں 580 ایکٹو جبکہ 17 125 کنفرم کیسز موجود ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں کنفرم کیسوں کی تعداد 4667، ایکٹو کیس 177، اموات 97 جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4393 ہے۔ اسلام آباد میں 324 اموات، 5878 ایکٹو کیس اور 30748 کنفرم کیس سامنے آ چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا کی صورتحال بھی دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ وہاں بھی عوام کی بے احتیاطیوں نے عالمی وبا کو پھیلا دیا ہے۔ صوبے میں اس وقت 47 ہزار 701 کنفرم کیس، 4 ہزار 196 ایکٹو کیس جبکہ ایک ہزار 375 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کی صورتحال پاکستان میں سب سے خطرناک صورتحال اختیار کئے ہوئے ہے۔ پنجاب میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 66 تک جا پہنچی ہے۔ ایکٹو کیسوں کی تعداد 18 ہزار 465 جبکہ کنفرم کیس ایک لاکھ بیس ہزار تین سو پینسٹھ ہیں۔ سندھ میں عالمی وبا سے ہونے والی اموات 2 ہزار 962 ہے، کنفرم کیس ایک لاکھ پچہتر ہزار چھ سو بیالیس جبکہ 19 ہزار 38 ایکٹو کیس موجود ہیں۔