18 ویں ترمیم میں ترمیم کرکے اسے مزید مضبوط بنائیں گے: مسلم لیگ ن 

18 ویں ترمیم میں ترمیم کرکے اسے مزید مضبوط بنائیں گے: مسلم لیگ ن 

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال اور رانا ثنااللہ نے   کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم میں مزید اضافہ کریں گے اور اسے مزید مضبوط بنائیں گے مگر اس ترمیم سے کسی اختیار کو صوبوں سے واپس نہیں لیا جائے گا۔

نواز شریف اور شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے پارلیمانی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ اٹھارویں ترمیم ادھوری ہے۔ مسلم لیگ اس کو مکمل کرے گی اور اس کے روح کے مطابق عمل کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے مرکز سے اقتدار صوبوں تک منتقل ہوا مگر صوبوں سے یہ اختیار بلدیاتی اداروں کی طرف منتقل نہیں ہوا ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پتا نہیں کیوں اس حوالے سے پریشانی اور ابہام پیدا کرنا چاہتی ہے مگر ہم اٹھارویں ترمیم کے ذریعے دیے گئے اختیارات واپس نہیں لیں گے بلکہ عوام کو مزید اختیارات دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو یہ سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن پر تنقید کر کے ووٹ ملیں گے تو پھر وہ پورا زور لگائیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں ن لیگ مخالف ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔