شادی کے 20 منٹ بعد دلہن کا سسرال چھوڑنے کا فیصلہ

12:38 AM, 2 Dec, 2025

ممبئی: بھارت میں شادیوں کے دوران ہونے والے عجیب و غریب واقعات تو عام ہیں، مگر ریاست اترپردیش کے ایک شہر دیوریا میں جو واقعہ پیش آیا، وہ واقعی سب کو حیرت میں ڈال دینے والا تھا۔

رپورٹس کے مطابق، سلیم پور نگر پنچائیت کی لڑکی کی شادی بڑے دھوم دھام سے طے ہوئی تھی اور تمام رسومات بھی ادا کی گئی تھیں۔ مگر جب دلہن سسرال پہنچی، تو کچھ ایسا ہوا کہ مہمانوں کے ساتھ ساتھ دلہا اور اس کے اہل خانہ بھی دنگ رہ گئے۔

شادی کی تمام رسومات کے دوران، اچانک دلہن اٹھی اور اپنے والدین کو بلانے کی بات کرنے لگی۔ جب اس سے وجہ پوچھی گئی، تو اس نے صاف کہا کہ وہ سسرال میں نہیں رہے گی اور فوراً اپنے میکے واپس جانا چاہتی ہے۔

دلہا اور اس کے گھر والوں نے دلہن کو سمجھانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم رہی۔ پھر، دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر پنچایت بلائی گئی، جو پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔ آخرکار، دونوں خاندان باہمی رضامندی سے شادی ختم کرنے پر راضی ہوگئے اور دلہن اپنے گھر والوں کے ساتھ واپس چلی گئی۔

پولیس کے مطابق، یہ معاملہ ان کے نوٹس میں آیا، مگر کسی نے شکایت درج نہیں کرائی اور پنچایت میں ہی شادی ختم کرنے پر دونوں خاندان متفق ہو گئے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں شادیوں کے حوالے سے ہونے والے غیر متوقع واقعات کو اجاگر کرتا ہے۔
 
 

مزیدخبریں