امریکا اور برطانیہ میں شدید برفباری کی وارننگ، سردی کی شدت میں اضافہ

03:17 PM, 2 Dec, 2025

واشنگٹن : امریکا کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان کی زد میں آ کر شدید برفباری ہو رہی ہے جس کے باعث عمارتیں، مکانات اور سڑکیں دو فٹ تک برف سے ڈھک چکی ہیں۔ نیو یارک، الینوائے اور مشی گن میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور ان علاقوں میں ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے۔ الاسکا میں بھی شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

شکاگو شہر میں نومبر کے مہینے میں سب سے زیادہ برف پڑنے کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ شکاگو ایئرپورٹ پر 8.4 انچ برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ امریکی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں، یخ بستہ ہواؤں اور برفباری سے سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

کینساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحل کی کئی ریاستیں برفانی طوفان کی زد میں آ سکتی ہیں، اور پینسلوینیا، نیوجرسی میں بھی برفانی طوفان کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 6 انچ یا اس سے زائد برف پڑنے کی توقع ہے، جس سے زندگی معمول سے ہٹ کر متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب، برطانیہ میں بھی آئندہ ہفتے شدید برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں برفباری کا امکان ہے، جس سے ان علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں