مالی سال کے پانچ ماہ: تجارتی خسارہ بڑھ گیا، برآمدات کم، درآمدات میں اضافہ

04:47 PM, 2 Dec, 2025

اسلام آباد :رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جولائی سے نومبر تک تجارتی خسارہ 37.17 فیصد بڑھ کر 15 ارب 46 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق نومبر میں سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 32.79 فیصد بڑھا لیکن ماہانہ بنیاد پر یہ 11.86 فیصد کم ہو کر 2 ارب 85 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا نومبر درآمدات میں 13.26 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 28 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ نومبر میں درآمدات 5 ارب 25 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

اسی دوران برآمدات جولائی تا نومبر 6.39 فیصد کم ہو کر 12 ارب 84 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں، اور نومبر میں سالانہ بنیاد پر 15.35 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 15.80 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں نومبر میں برآمدات 2 ارب 39 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں۔

مزیدخبریں