اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ٹیکس شعبے کی اصلاحات پر ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مختلف ورکنگ گروپس کی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کاروبار اور مضبوط معیشت کے ذریعے ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے نجی شعبے کے ماہرین کی جانب سے دی گئی جامع تجاویز پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس میں وزیرخزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ تجاویز پر غور کر کے انہیں قابل عمل بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے اقدامات پر شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ٹیکس اصلاحات پر تجاویز پیش کی گئیں اور معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافے پر مبنی عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔