کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی کر دی گئی ہے۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق، فی تولہ سونا 2700 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 44 ہزار 162 روپے کا ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2315 روپے کی کمی آئی ہے اور یہ 3 لاکھ 80 ہزار 797 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 27 ڈالر سستا ہو کر 4218 ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چاندی کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے، اور انٹربینک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 6 ہزار روپے کے نشان کو عبور کر گئی ہے۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 41 روپے بڑھ کر 6004 روپے ہوگئی ہے۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق چاندی کی قیمت میں اضافہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی صنعتی طلب کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ سولر پینلز، الیکٹرک گاڑیوں اور سیمی کنڈکٹرز میں چاندی کے استعمال میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق، شہریوں کا چاندی میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھنے کے باعث بلیک مارکیٹ بھی فروغ پا رہی ہے، اور سونے کی قیمت میں کمی کی وجہ سے چاندی کی مانگ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔