ایف آئی اے کا شہباز شریف اور جہانگیر ترین کیس کی تحقیقات کرنے والے افسران کو واپس لانے کا فیصلہ

02:54 PM, 2 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کرنے والے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) افسران کو واپس لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کرنے والے افسران کو گزشتہ روز تبدیل کر دیا گیا تھا تاہم اب انہیں واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے تبدیل ہونے والے افسران کو واپس لانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی آج ایف آئی اے لاہور آفس کا دورہ بھی کریں گے۔ 
ذرائع کے مطابق مصدق عباسی کو ڈائریکٹر زون ون ڈاکٹر محمد رضوان کو شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس اور جہانگیر ترین منی لانڈرنگ کیسز سمیت دیگر اہم مقدمات پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ مشیر احتساب کو میگا سکینڈل کے علاوہ ایف آئی اے میں جاری دیگر کیسز کے حوالے سے بھی بریف کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شوگر سکینڈل کیس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کی مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسران سمیت 9 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے تبادلے کئے گئے تھے جن میں جہانگیر ترین کیخلاف مقدمات کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں