سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس آج ، ایجنڈا جاری ، کئی بل پیش ہوں گے

09:18 AM, 2 Feb, 2026

اسلام آباد:  آج سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس میں اہم بلز اور قومی معاملات پر بحث کی جائے گی۔

سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے شروع ہوگا، جس میں مختلف اہم بلز پیش کیے جائیں گے۔ ایجنڈے کے مطابق، سینیٹ میں وفاقی ملازمین بینیولنٹ فنڈ اور گروپ انشورنس ترمیمی بل، فوجداری قوانین ترمیمی بل، انسدادِ انسانی اسمگلنگ ترمیمی بل، اور انسدادِ الیکٹرانک جرائم ترمیمی بل شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ ترمیمی بل، فیملی کورٹس ترمیمی بل اور اسلام آباد میں بچوں کے جسمانی سزاکے خلاف ترمیمی بل بھی پیش کیے جائیں گے۔

سینیٹ میں قومی اسمبلی سے منظور شدہ تین بلز کی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے جن میں زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل، الیکشنز ترمیمی بل اور البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد بل شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا اور اس میں 13 نکاتی ایجنڈا پر بحث کی جائے گی۔ اجلاس میں اہم قومی اور عوامی نوعیت کے مسائل زیر بحث آئیں گے، جن میں افغانستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس، ملک میں پولیو کے نئے کیسز کی رپورٹ اور دیگر بلز شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں پیمراترمیمی بل 2025، اے پی پی کارپوریشن ترمیمی بل اور نیوز پیپرز ایمپلائیز کنڈیشنز آف سروس ترمیمی بل پر بحث کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بھی مزید بات ہوگی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے ایک گھنٹہ قبل بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں قومی اسمبلی کے چوبیسویں سیشن کے ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔دونوں ایوانوں میں ہونے والی یہ بحثیں اور بلز کی منظوری ملک کے مختلف قوانین اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

مزیدخبریں