بلوچستان میں 4 ارب کی یومیہ سمگلنگ رکی تو 'دم پر پاؤں آ گیا'، احتجاج کے پیچھے سمگلر مافیا ہے: خواجہ آصف

06:15 PM, 2 Feb, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان کی صورتحال پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں یومیہ 4 ارب روپے کی مالیت کا ایرانی تیل اسمگل کیا جا رہا تھا، جسے روکنے پر اب منظم ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایرانی تیل کی سمگلنگ میں بیوروکریسی اور جرائم پیشہ عناصر کا ایک خطرناک گٹھ جوڑ قائم ہو چکا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس غیر قانونی تجارت کے خلاف گھیرا تنگ کیا تو ان عناصر کی "دم پر پاؤں آ گیا" ہے۔ ان کے بقول، حالیہ احتجاج کے پیچھے وہی لوگ ہیں جو سمگلنگ سے حاصل ہونے والے اربوں روپے کے منافع سے محروم ہوئے ہیں۔
وزیر دفاع نے بلوچستان کے امن و امان کو بیرونی سازشوں سے جوڑتے ہوئے کہا کہ     صوبے میں بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز پوری طرح متحرک ہیں۔    افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔    افغان سرزمین پر موجود سہولت کار پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گردوں کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے سیاسی و قوم پرست گروہوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر نے خود کو چھپانے کے لیے سیاست اور قوم پرستی کا جو کور (Cover) استعمال کیا تھا، وہ اب ختم ہو چکا ہے۔ ریاست اب کسی بھی قسم کی سمگلنگ اور دہشت گردی کی پشت پناہی کو برداشت نہیں کرے گی اور اس کی روک تھام کے لیے سخت ترین اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزیدخبریں