اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقات میں کسی بھی قسم کے سیاسی امور یا بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس اہم بیٹھک کا محور خالصتاً صوبائی معاملات اور عوام کو درپیش مسائل تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملاقات کے دوران کوئی سیاسی مطالبہ نہیں رکھا بلکہ صوبے کی ترقی کے حوالے سے گفتگو کی۔
وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ صوبائی گورننس اور عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز کریں۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے معاملات میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ صوبائی ترقی کے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ وفاق اور صوبے کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنایا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے گفتگو کے دوران مسئلہ کشمیر پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے اور پاکستان کا موقف واضح ہے کہ اس دیرینہ مسئلے کا حل اقوامی متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہونا چاہیے۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات ، بیٹھک کا محور خالصتاً صوبائی معاملات اور عوام کو درپیش مسائل تھے: عطا اللہ تارڑ
10:06 PM, 2 Feb, 2026