وفاقی کابینہ کا آج ہونیوالا اجلاس ملتوی، کل ہو گا

وفاقی کابینہ کا آج ہونیوالا اجلاس ملتوی، کل ہو گا

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام طلب کیا گیا تھا جسے اب ملتوی کر کے کل طلب کیا گیا ہے جب کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی کل ہو گا ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہو گا جس میں ملکی اقتصادی معاشی صورتحال سمیت سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات سے متعلق بیان کا معاملہ بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ پرتگال، مصر اور بوسنیا کی حکومتوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی یاداشتوں کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔

پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو، کراچی سے کابل ممنوعہ گاڑیوں کے 51 پارٹس کے کنٹیرز کو جانے کی اجازت، آرٹ اینڈ کلچر بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیرمین آغا جان اختر کی مدت ملازمت کی توسیع کی سمری ایجنڈے میں شامل ہے۔

مردم شماری کے عبوری نتائج حلقہ بندیوں کے لئے استعمال کرنے کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہے جس کی منظوری کے بعد مردم شماری کے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو بھجوائے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں چھٹی مردم شماری 15 مارچ سے 25 مئی 2017 کے دوران کی گئی جس کے دوران ملک کو کُل ایک لاکھ 68 ہزار بلاکس میں تقسیم کیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں