مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے انتہائی کم عرصے میں عوام کا اعتماد بحال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 17 اکتوبر کو قائم ہوئی اور صرف سوا ماہ کے دوران عوامی رابطہ بحال ہوا، جبکہ آزاد کشمیر کے دو ڈویژنز میں بڑے اور بھرپور عوامی اجتماعات منعقد ہوئے جن سے سیاسی نظام پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے اس حکومت کی اونرشپ لی ہے اور عوامی ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح تھی۔ تین ماہ کی مدت کے بجائے حکومت نے سوا ماہ کے اندر معاہدے کے بیشتر نکات پر عملدرآمد مکمل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل سے ریاست میں سیاسی سرگرمیاں بحال ہوئیں، عوامی مایوسی میں نمایاں کمی آئی اور سیاسی نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوا۔ پچھلی حکومت کے اڑھائی سالہ دور میں عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے عوام اور قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ بحال کر دیا ہے۔ جن سڑکوں پر سیاستدانوں کے لیے چلنا مشکل تھا، آج وہاں عوام حکومت کا پرتپاک استقبال کر رہے ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے عوامی مفاد کے فیصلوں میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی۔ پانچویں کابینہ اجلاس اور اسمبلی سیشن کے دوران اہم عوامی فیصلے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد کسی سے مقابلہ کرنا نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں اعتماد کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پیپلز پارٹی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور افراتفری یا انسانی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مطابق ریاست میں استحکام اور بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور حکومت عوامی معاہدے کے 38 نکات پر 98 فیصد عملدرآمد مکمل کر چکی ہے۔