ایران اور امریکہ میں کشیدگی میں اضافہ، ٹرمپ کی دھمکی پر تہران کا سخت ردعمل

09:06 PM, 2 Jan, 2026

واشنگٹن ،تہران:ایران اور امریکہ ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران میں پُرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا یا انہیں قتل کیا گیا تو امریکہ ان کے بچاؤ کے لیے مداخلت کرے گا۔ ٹرمپ نے یہ بیان سوشل میڈیا پر جاری کیا۔

امریکی بیان پر ایران کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے کہا ہے کہ ایران کی سلامتی کی طرف بڑھنے والا ہر مداخلت پسند ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی معاملے میں امریکی مداخلت خطے میں افراتفری پھیلانے کے مترادف ہے، جبکہ ایرانی قوم امریکا کی جانب سے دوسروں کو ’بچانے‘ کے تجربات سے بخوبی واقف ہے، چاہے وہ عراق ہو، افغانستان ہو یا غزہ۔

دوسری جانب ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے بھی خبردار کیا ہے کہ ایران کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دے گی۔

واضح رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، اس کے علاوہ کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں