نئی دہلی / دبئی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بھارت کی میزبانی میں نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا، جس کے لیے متحدہ عرب امارات کو ممکنہ میزبان ملک قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا آغاز 4 یا 5 ستمبر سے ہوگا، جبکہ کرکٹ شائقین کے لیے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کم از کم دو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ پہلا ٹاکرا گروپ مرحلے میں 7 ستمبر کو دبئی میں متوقع ہے، جبکہ دوسرا مقابلہ سپر فور مرحلے میں 14 ستمبر کو ہو سکتا ہے۔
ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، اور اس کا فائنل 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلادیش، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلے ہمیشہ سے ہی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز رہے ہیں، اور اس بار بھی دبئی کا میدان کرکٹ کی دنیا کی سب سے بڑی رقابت کا گواہ بننے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی اصولی طور پر بھارت کے پاس ہے، تاہم سیاسی کشیدگی اور سیکورٹی وجوہات کے باعث ٹورنامنٹ نیوٹرل وینیو پر منتقل کیا جا رہا ہے۔