وزیراعظم سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات ، امن کے لیے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین

12:53 PM, 2 Jul, 2025

اسلام آباد: سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار پر وزیرِاعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیرِاعظم سے ملاقات کی، جو خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اور عقیدت کا اظہار کیا۔ انہوں نے 24 جون کو شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں سعودی عرب کے امن اقدامات کو سراہا۔

شہباز شریف نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں سعودی عرب کے تعمیری کردار کو خطے میں امن کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی جولائی 2025 کے لیے صدارت سنبھال لی ہے اور اس دوران سعودی تعاون سے عالمی سطح پر اپنی سفارتی قیادت کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

سعودی سفیر نے پاکستان کی جانب سے خطے میں قیامِ امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا اور وزیرِاعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں تعلقات کو مزید مستحکم اور وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں