ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان

03:04 PM, 2 Jul, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ کے مطابق کشمیر، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، شمالی و جنوبی مشرقی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ساہیوال، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ گوجرانوالہ، بہاولنگر، بہاولپور اور بھکر میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان  ہے۔

خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور کوہاٹ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بلوچستان کے کچھ علاقوں جیسے موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار، ژوب، قلات اور مستونگ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات  کی جانب سے  شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاط سے رہیں۔

مزیدخبریں