ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر زور ، معاشی اہداف میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف

02:08 PM, 2 Jul, 2025

اسلام آباد  : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور ٹیکس محصولات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام سرکاری اداروں کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس وصولیوں میں تاریخی اضافے پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں ٹیکس محصولات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 865 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو کہ 42 فیصد سے زائد ہے۔ ٹیکس کا جی ڈی پی سے تناسب 11.3 فیصد رہا جو کہ پچھلے سال سے 1.5 فیصد زیادہ ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال میں بھی محصولات کی وصولی میں اسی محنت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے افسران عوام کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں اور کاروباری برادری کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ خود محصولات کے اہداف اور ایف بی آر کی کارکردگی کی نگرانی کر رہے ہیں، اور تمام اداروں کو جانفشانی سے قومی ترقی کے عمل میں شریک ہونا ہوگا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹم کو مزید صنعتوں میں نافذ کیا جائے تاکہ پیداواری عمل کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو اب تک چینی، تمباکو اور فرٹیلائزر کی صنعتوں میں نافذ کیا جا چکا ہے، جبکہ سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں بھی جلد اس کا مکمل نفاذ متوقع ہے۔

وزیراعظم نے ریٹیل سیکٹر میں ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ہدایت دی اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری پر شرکا کو مبارکباد دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں