کالام، ناران اور چشمہ بیراج میں آبی حادثات، 6 سیاح جاں بحق، متعدد افراد متاثر

10:05 AM, 2 Jul, 2026

کالام/ناران/چشمہ: خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام کالام کی سیف اللہ جھیل میں کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 6 سیاح جاں بحق جبکہ 17 سالہ ایک لڑکی لاپتہ ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مقامی شہری بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی بروقت عدم موجودگی پر اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی حادثے کا شکار ہونے والے سیاحوں کا تعلق پنجاب سے تھا۔

دوسری جانب ناران کے قریب دریائے کنہار میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران ایک گاڑی دریا میں بہہ گئی، تاہم بروقت امدادی کارروائی کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ادھر چشمہ بیراج پر دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے دو لڑکیاں ڈوب گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزیدخبریں