جیلوں کو اصلاح، بحالی اور انسانی وقار کے مراکز بنانا ہوگا، مراد علی شاہ

07:38 PM, 2 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی سے ہی عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد برقرار رہتا ہے، جبکہ جیلوں کو اصلاح، بحالی اور انسانی وقار کے مراکز میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جیل اصلاحات سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون کا احترام ہر شہری پر لازم ہے اور جو قومیں قانون کو اہمیت دیتی ہیں وہ ترقی کی دوڑ میں کبھی پیچھے نہیں رہتیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تقریباً 26 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں، جبکہ سندھ حکومت نے ایسے قیدیوں کی قانونی معاونت کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں جو وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق اب تک 34 ہزار قیدیوں کو لیگل ایڈ فراہم کی جا چکی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت جیلوں میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف جیلوں میں لائبریریاں قائم کی گئی ہیں اور قیدیوں کو تکنیکی و ہنر مندانہ تعلیم بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو معیاری طبی سہولیات، صاف ماحول اور بہتر خوراک کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ جیلوں میں اصلاحات کے ذریعے ایک زیادہ انسانی اور مؤثر نظام قائم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزیدخبریں