ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں، اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

08:03 PM, 2 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں، جبکہ ادارے میں جاری اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور شفافیت کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ایف بی آر کے سینئر افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مالی سال 2025-26 کے لیے مقرر کردہ تاریخی ریونیو ہدف کو قومی معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کے تمام افسران اور عملے کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ رواں مالی سال 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف حاصل کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے برآمدات کے فروغ میں مدد ملی، جبکہ ٹیکس وصولی کے ساتھ ٹیکس دہندگان اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے معاشی ٹیم، ایف بی آر کے چیئرمین اور افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ایف بی آر افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھی شہرت کے حامل افسران کو فیلڈ فارمیشنز میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور فیس لیس ٹیکس نظام پر مبنی ہوگا۔

وزیراعظم نے پاکستان کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ترقی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر ایف بی آر کے افسران نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

مزیدخبریں