عالمی ادارہ صحت نے چین کی کورونا ویکسین سائنو ویک کے استعمال کی اجازت دیدی

01:54 PM, 2 Jun, 2021

نیو یارک: عالمی ادارہ صحت نے چین کی کورونا ویکسین سائنو ویک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے ۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ چینی ویکسین کی دو خوراکيں حاصل کرنے والے افراد کورونا کے خطرات سے بچ سکتے ہيں ۔ سائنو ویک چین کی دوسری ویکسین ہے جس کے استعمال کی ڈبلیو ایچ او نے منظوری دی ہے ۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ سائنوفام کو ہنگامی استعمال کی اجازت دی گئی تھی ۔

دوسری جانب بھارت میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک لاکھ 33 ہزار مثبت کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ۔

بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران 594 ڈاکٹر ہلاک ہوئے ۔ دوسری جانب بھارت میں بلیک فنگس کے بعد تشویشناک حالت کے مریضوں میں وائٹ فنگس کا خطرہ بڑھنے لگا ۔

برطانیہ میں رواں سال مارچ کے بعد پہلی مرتبہ ایک دن میں کوورنا سے کوئی ہلاکت ریکارڈ نہیں کی گئی ، تازہ ترین اعداد و شمار میں مزید 3 ہزار سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ۔

ادھر پاکستان میں کورونا سے مزید 80 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہزار 930 ہوگئی ہے ۔

محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 47 ہزار 183 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے مزید ایک ہزار 843 کیس رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.90 فیصد رہی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 24 ہزار667 ہو چکی ہے ۔

مزیدخبریں