بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات امن دشمن ذہنیت کا ثبوت ہیں، دفتر خارجہ

11:48 AM, 2 Jun, 2025

اسلام آباد :  دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات نہ صرف اشتعال انگیز ہیں بلکہ ایک خطرناک ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، جو خطے میں امن کے بجائے دشمنی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسر بے بنیاد ہے۔ عالمی برادری بھارت کے جارحانہ طرزِ عمل سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت خود پاکستان کے اندر دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے، اور وہ اپنے منفی کردار کو کھوکھلے بیانیوں اور چالاکیوں سے نہیں چھپا سکتا۔

ترجمان کے مطابق مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اور اسے نظرانداز کرنا خطے کو کشیدگی اور ممکنہ تصادم کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آواز اٹھاتا رہے گا۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت دھمکیوں یا غلط بیانی سے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سنجیدگی، تحمل اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کا حل ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں