حالیہ مثبت معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، وزیراعظم

03:13 PM, 2 Jun, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اب معاشی میدان میں مضبوط بنانے کا وقت ہے، اور اس کے لیے تمام اداروں میں اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ایف بی آر سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ایف بی آر میں جاری اصلاحات، شفافیت، اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایت دی کہ ایف بی آر کے اقدامات کی جانچ پڑتال کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ تھرڈ پارٹی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم نے شفافیت، محصولات میں اضافے اور کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں واضح بہتری لائی ہے، جو کہ اصلاحات کے مثبت اثرات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں جاری اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن نظام جلد عوام کے لیے متعارف کرایا جائے گا، اور اسے اردو سمیت دیگر مقامی زبانوں میں دستیاب بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ آسانی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لیے ادارے دن رات کام کر رہے ہیں، اور حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج حالیہ معاشی اشاروں سے واضح ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

مزیدخبریں