بلاول بھٹو نیویارک پہنچ گئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کا عزم

09:00 PM, 2 Jun, 2025

ْنیویارک : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ اقوام متحدہ میں کشمیر، پانی اور بھارتی جارحیت کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان کی آواز بننے اور کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کا دفاع کرنے کے لیے عالمی پلیٹ فارم پر آئے ہیں۔

    "کشمیر کے عوام کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ پانی ہماری زندگی ہے، اور سندھو دریا پر زبردستی قبول نہیں۔"

پی پی چیئرمین نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے، تاہم دہشتگردی کے نام پر ہماری سرحدوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔

بلاول بھٹو کی روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں بھارتی جارحیت کے تناظر میں عالمی سفارتی حکمتِ عملی پر مشاورت کی گئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے حکام، OIC سفرا، سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے نمائندوں اور دیگر عالمی اداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف کو پیش کرنا ہے۔

مزیدخبریں