پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی قوت، جی بی کو دیگر صوبوں کے برابر حقوق ملنے چاہئیں: خواجہ سعد رفیق

12:24 PM, 2 Jun, 2026

گلگت :مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کسی بھی فالس فلیگ آپریشن پر ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے کیونکہ پاکستان مسلم امہ کی واحد ایٹمی قوت ہے۔ گلگت بلتستان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ خطے کے عوام کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، اور پارٹی اقتدار میں آکر یہاں کی محرومیوں کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں جی بی کے لیے مؤثر آواز اٹھائے گی۔

خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ملک کے دیگر صوبوں کی طرح برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ انہوں نے علاقے میں بجلی کے نئے منصوبے لانے کا اعلان کیا اور وفاق سے مطالبہ کیا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا باقاعدہ حصہ بھی رکھا جائے تاکہ خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں