فیلڈ مارشل کی امن کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں: بلاول بھٹو

05:12 PM, 2 Jun, 2026

سکردو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی اور سیاسی کوششوں کی کامیابی انتہائی اہم ہے، کیونکہ جنگوں کے اثرات صرف متاثرہ ممالک تک محدود نہیں رہتے بلکہ پوری دنیا ان کے نتائج بھگتتی ہے۔

سکردو میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے انتخابی مہم کو روایتی انداز میں چلانے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حالات سنجیدگی اور ذمہ داری کا تقاضا کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے فیلڈ مارشل کی جانب سے کی جانے والی کوششیں کامیاب ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کا قیام نہ صرف خطے بلکہ عالمی برادری کے مفاد میں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ کمزور، پسماندہ اور کم آمدن والے طبقات کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔ انہوں نے معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ترقی قابلِ قبول نہیں جس کے نتیجے میں امیر اور غریب کے درمیان فرق مزید بڑھ جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ملک بھر کے مستحق خاندانوں تک براہِ راست پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے خلاف ہونے والی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور آئندہ بجٹ میں اس کے وسائل میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپنی جماعت کے دیرینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اس خطے کے ساتھ نسلوں پر محیط رشتہ ہے، جو مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دفاعی اور اسٹریٹجک شعبوں کی ترقی میں ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں