اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان میں مہنگائی نیچے جا رہی ہے اور یہ ہمارے لئے اطمینان کا باعث ہونا چاہیے ، نہ کہ پریشانی کا ۔
اپنی ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ حیران کن بات ہے کہ اپوزیشن اور ان کے میڈیا میں ہمنوا پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونے پر سیخ پا ہیں ۔ اپوزیشن کو اصل دکھ اگلی باری نہ ملنے کا ہے ۔
حیران کن بات ہے کہ اپوزیشن اور ان کے میڈیا میں ہمنوا پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونے پر سیخ پاء ہیں، عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان میں مہنگائ نیچے جا رہی ہے یہ ہمارے لئے اطمینان کا باعث ہونا چاہئیے نہ کہ پریشانی کا، اپوزیشن کو اصل دکھ اگلی باری نہ ملنے کا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 2, 2022
واضح رہے کہ رواں ہفتے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10,10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ بجٹ تک یہ قیمتیں برقرار رہیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے میرے پاس سمری بھجوائی تھی جس میں 10 روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی مگر میں قوم کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں کہ ہم 10 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کے بجائے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10,10 روپے فی لیٹر کمی کر رہے ہیں ۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں بھی عوام کیلئے پریشان کن ہیں اور اگر پاکستان میں ڈیمز بنائے جاتے تو انتہائی سستی بجلی مل سکتی تھی ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ڈیمز بنانے جا رہی ہے جو آئندہ 4 سے 5 سال میں بن جائیں گے اور انتہائی سستی بجلی میسر ہو گی اور دنیا کے حالات کا قیمتوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔