رمضان میں مہنگائی برداشت نہیں! مریم نواز کا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن

06:57 PM, 2 Mar, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کے نرخ کم کرنے اور گراں فروشی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مہنگائی کے سدباب کے لیے فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے، سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے اور روزانہ اشیائے خورد و نوش کے نرخوں کی جامع رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، اس لیے تاجروں کو بھی رضا کارانہ طور پر قیمتیں کم کرنی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سہولت بازاروں میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ وہ خود بھی روزانہ اشیائے خورد و نوش کے نرخوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔
 

 
 
 

مزیدخبریں