پشاور: رمضان المبارک میں صبح ساڑھے 7 بجے سکول حاضری والدین کے لیے تشویش کا باعث بن گئی، والدین نے صوبائی حکومت سے سکول اوقات میں نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے تمام سرکاری سکولوں کے اوقات تبدیل کیے گئے ہیں، جس کے تحت طلبہ و طالبات کو صبح ساڑھے 7 بجے سکول پہنچنا ہوگا۔
والدین کا کہنا ہے کہ رمضان میں اس وقت گلیاں اور سڑکیں سنسان ہوتی ہیں، جس سے طالبات اور کمسن بچیوں کے لیے سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
گزشتہ سال بھی رمضان کے دوران مختلف علاقوں میں طالبات اور کم عمر بچیوں کے ساتھ چوری، ہراسگی اور تشدد کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے تھے، تاہم پولیس ان پر قابو پانے میں ناکام رہی تھی۔
والدین کا کہنا ہے کہ رمضان میں سکول اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کیے جائیں تاکہ طالبات کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم سے فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔