تہران : ایرانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل امیر حاتمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں اور دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کو غلام بنانے کی خواہش رکھنے والے اپنی یہ حسرت قبروں میں لے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے بیٹے دفاعِ وطن کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
جنرل امیر حاتمی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت کسی افراتفری کا شکار نہیں بلکہ ایک پہلے سے طے شدہ اور مشق شدہ منصوبے کے تحت اپنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ان کے خطاب کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔
ایرانی ڈرون فورس، فضائی دفاع (Air Defense) اور بحریہ (Navy) کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن قائم ہے اور تمام شعبے مل کر دشمن کے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کو پیچھے دھکیلنے کے لیے اپنی بہترین عسکری صلاحیتوں کو متحرک کر دیا ہے اور کسی بھی صورت پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔
آرمی چیف کے مطابق، حالیہ حملے برسوں کی مشقوں اور جنگی تیاریوں کا نتیجہ ہیں، جس نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ایرانی آرمی چیف کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے ایران کی قیادت کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم، ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر حملوں اور 560 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے دعوے نے صورتحال کو یکسر بدل دیا ہے۔
اس فوجی کشیدگی اور سخت بیانات کے باعث عالمی سطح پر معاشی بحران سنگین ہو گیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 80 ڈالر سے تجاوز کر کے 100 ڈالر کی طرف بڑھ رہی ہے۔پاکستان سٹاک مارکیٹ سمیت دنیا بھر کے مالیاتی مراکز کریش کر چکے ہیں، پاکستان میں انڈیکس 15 ہزار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ معطل ہے۔
جنرل امیر حاتمی کے اس بیان نے ثابت کر دیا ہے کہ تہران کی عسکری کمان اب بھی مضبوط ہے اور وہ کسی بھی دباؤ میں آکر ہتھیار ڈالنے کے بجائے طویل جنگ کے لیے تیار ہیں۔
"ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا"، آرمی چیف جنرل امیر حاتمی
11:24 AM, 2 Mar, 2026