وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس: پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی تیز کرنے کا فیصلہ

07:29 PM, 2 Mar, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں اور سپلائی کی نگرانی کے لیے قائم کردہ اعلیٰ سطح کی کابینہ کمیٹی کا پہلا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں توانائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مارکیٹ مانیٹرنگ کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق  عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔
 قیمتوں، ایل این جی (LNG) اور ایل پی جی (LPG) کی سپلائی، شپمنٹس اور ٹرمینل آپریشنز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال کو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا۔ کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عالمی کشیدگی طویل ہوئی تو پاکستان کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر متبادل منصوبہ بندی جاری ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو باہمی ہم آہنگی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ملک میں توانائی کی سپلائی محفوظ ہے، عوام پریشان نہ ہوں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع متبادل پلان پر کام ہو رہا ہے۔کمیٹی کا اجلاس اب روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہوگا تاکہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔

مزیدخبریں