لاہور: معروف ماڈل اور اداکارہ کومل میر نے لندن کے ایک کالج سے گریجویشن مکمل کر لی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ کومل نے انسٹاگرام پر اپنی کانووکیشن کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں انہیں روایتی کانووکیشن گاؤن میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ وہ ڈگری وصول کرتے ہوئے بھی نظر آ رہی ہیں۔ اس موقع پر ان کی والدہ اور بھائی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جن کے ساتھ انہوں نے خوشگوار لمحات کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔
اگرچہ کومل میر نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی ڈگری کس مضمون میں ہے، تاہم میڈیا رپورٹس اور ایک ویڈیو کلپ میں ان کے ’قانون کے احترام‘ کی بات سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے ممکنہ طور پر قانون (ایل ایل بی) میں گریجویشن کی ہے۔
کومل میر کی تعلیمی کامیابی پر جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے، وہیں کچھ صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال بھی اٹھایا کہ اداکارہ جو سال بھر شوبز میں مصروف رہتی ہیں، انہوں نے تعلیم کب اور کیسے مکمل کی؟ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ممکن ہے انہوں نے آن لائن تعلیم کے ذریعے اسائنمنٹس اور امتحانات مکمل کیے ہوں۔
اداکارہ کی یہ تعلیمی کامیابی سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے اور ان کے مداح انہیں ایک بار پھر نئے انداز میں دیکھ رہے ہیں۔