سندھ طاس معاہدے کی معطلی: پاکستان کا بھارت کو باضابطہ نوٹس دینے کا فیصلہ

12:55 PM, 2 May, 2025

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر پاکستان نے سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈس واٹر کمیشن کے ذرائع کے مطابق پاکستان جلد بھارت کو سفارتی ذرائع سے باضابطہ نوٹس جاری کرے گا، جس میں معاہدے کی معطلی کی وجوہات کی وضاحت طلب کی جائے گی۔

اس معاملے پر وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور وزارت قانون کے درمیان مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور ابتدائی قانونی و سفارتی تیاری کر لی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا تاکہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر قانونی اور اخلاقی جواز حاصل ہو۔

حکام کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کو قانونی سبقت حاصل ہے اور بھارت کو جلد اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔ اس حوالے سے تمام فیصلے حکومت اور کابینہ کی منظوری سے کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ہمیشہ سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے اور عالمی قوانین کا احترام اس کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ رہا ہے۔

مزیدخبریں