انڈیا میں پھنسے شہریوں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے واپس لانے کو تیار:پاکستان کا اعلان

03:01 PM, 2 May, 2025

اسلام آباد:پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان پاکستانی شہریوں کو واہگہ کے راستے وطن واپس لانے کے لیے تیار ہے جو انڈیا میں پھنسے ہوئے ہیں، بشرطیکہ بھارتی حکام انہیں سرحد عبور کرنے کی اجازت دیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کیے جانے سے متعدد انسانی مسائل جنم لے چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق، درجنوں پاکستانی شہری جن میں بعض مریض بھی شامل ہیں، اپنا علاج مکمل کیے بغیر وطن واپس آنے پر مجبور ہوئے، جبکہ کئی خاندان سرحد کے دونوں جانب منقسم ہو چکے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ واہگہ-اٹاری بارڈر عبور کرنے کی سرکاری آخری تاریخ 30 اپریل 2025 مقرر کی گئی تھی، تاہم حالیہ میڈیا رپورٹس میں ان پاکستانی شہریوں کا ذکر کیا گیا ہے جو تاحال بھارتی علاقے اٹاری میں موجود ہیں اور واپسی کے منتظر ہیں۔ ترجمان نے کہا، "اگر بھارتی حکام سرحد عبور کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو پاکستان ان شہریوں کو واپس لانے کے لیے تیار ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 22 اپریل کو بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے میں 26 سیاح ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہو گئے۔

بھارت نے حملے کے ردِعمل میں پاکستان پر سخت اقدامات کیے جن میں سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کی معطلی، پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کے احکامات، اور اسلام آباد میں سفارتی عملے کی کمی شامل ہے۔
پاکستان کا ردِعمل

جواباً پاکستان نے شملہ معاہدے سے دستبرداری کی دھمکی دی، بھارتی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی، اور اپنی فضائی حدود بھارتی ایئرلائنز کے لیے بند کر دی۔موجودہ کشیدگی کے پیشِ نظر سعودی عرب، ترکیہ اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے دونوں ایٹمی طاقتوں سے  مسائل کے حل کی کوششوں کوتیز کرنے کی اپیل کی۔

مزیدخبریں