غزہ میں اسرائیلی بربریت تھم نہ سکی، مزید 18 فلسطینی شہید، انسانی بحران شدت اختیار کر گیا

03:41 PM, 2 May, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ : غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں صیہونی فورسز کی جانب سے وسطی اور جنوبی علاقوں، دیر البلح اور المواسی پناہ گزین کیمپ پر شدید حملے کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان حملوں میں کم از کم 18 فلسطینی شہید اور 77 زخمی ہو گئے ہیں۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق جاری بمباری اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 52 ہزار 418 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 18 ہزار 91 ہو گئی ہے۔

غزہ میں انسانی بحران بھی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ غذائی قلت شدید ہو چکی ہے، بچے بھوک سے بلکنے لگے ہیں اور بیشتر علاقوں میں بنیادی خوراک اور طبی امداد تک رسائی ممکن نہیں رہی۔ اقوامِ متحدہ کی ذیلی تنظیم یو این آر ڈبلیو اے (UNRWA) کے مطابق غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل گزشتہ دو ماہ سے مکمل طور پر رکی ہوئی ہے۔

یو این آر ڈبلیو اے نے مزید انکشاف کیا کہ غزہ کی سرحد کے قریب تقریباً 3,000 امدادی ٹرک انتظار میں کھڑے ہیں، جنہیں اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

مزیدخبریں