لاہور/گوجرانوالہ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ میں جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے 'گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم' کے ڈیزائن کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا اور شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی ٹرانسپورٹ مہیا کرنا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے میٹرو ٹرین کے حوالے سے اہم فیصلے کیے۔ ٹریفک کی روانی کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے تقریباً 17 سے 19 کلومیٹر طویل ٹریک انڈر گراؤنڈ (زمین دوز) گزارنے کی منظوری دی گئی ہے۔سسٹم میں دو مخصوص ٹنل سیکشن بنائے جائیں گے جو شہر کے گنجان آباد علاقوں میں ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنائیں گے۔
ماحول دوست اقدام کے طور پر ہر اسٹیشن اور ڈپو کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ بجلی کی بچت ممکن ہو سکے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے حکم دیا ہے کہ شہر کے ہر چھوٹے بڑے علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین اسٹیشنز سے منسلک کیا جائے۔ اس مربوط نظام کے تحت شہری اپنے گھر کے قریب سے بس لے کر براہِ راست ٹرین تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جس سے پورے شہر کا ٹرانسپورٹ ڈھانچہ بدل جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے عوام کے لیے میٹرو ٹرین محض ایک سواری نہیں بلکہ جدید طرزِ زندگی کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اسے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔
گوجرانوالہ کے لیے بڑا تحفہ: وزیراعلیٰ مریم نواز نے 'ماس ٹرانزٹ سسٹم' کے ڈیزائن کی منظوری دے دی
11:10 AM, 2 May, 2026