'ہم ٹوٹے دشمنوں پہ بجلیوں کی طرح': معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ جاری

12:40 PM, 2 May, 2026

راولپنڈی: پاکستان کے دفاعی وقار کی علامت ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) نے ایک ولولہ انگیز اور جوشیلا نغمہ جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ پاک افواج کی جرات، بہادری اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے والی لازوال قربانیوں کا ایک شاندار اعتراف ہے۔
اس خصوصی نغمے کو معروف گلوکاروں واجد سعید اور رپٹور نے اپنی آوازوں میں پرویا ہے۔ نغمے کے بول قومی غیرت اور دفاعِ وطن کے جذبے کی بھرپور ترجمانی کرتے ہیں۔ نغمے کے طاقتور اشعار
    "ہم چھائے طوفانوں آندھیوں کی طرح۔۔ ہم ٹوٹے دشمنوں پہ بجلیوں کی طرح"
    دشمن کو یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ نغمے میں ان شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کیا گیا ہے جنہوں نے ’’معرکہ حق‘‘ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔
 ویڈیو میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عوام کے اٹوٹ رشتے کو خوبصورت انداز میں فلمایا گیا ہے۔ نغمہ نہ صرف ماضی کی فتح کا جشن مناتا ہے بلکہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے قوم کے عزم کو بھی جلا بخشتا ہے۔
سوشل میڈیا پر نغمے کے ریلیز ہوتے ہی اسے لاکھوں کی تعداد میں دیکھا اور سراہا جا رہا ہے۔ دفاعی ماہرین اور عوام کا کہنا ہے کہ واجد سعید اور رپٹور کی آواز نے اس نغمے کے ذریعے حب الوطنی کا ایک نیا جذبہ پیدا کر دیا ہے۔ یہ نغمہ اس عزم کا اعادہ ہے کہ جب بھی وطنِ عزیز کو پکارا گیا، پاک فوج کے جوان دشمن پر بجلی بن کر گریں گے۔

مزیدخبریں