مکہ مکرمہ / اسلام آباد: سعودی حکومت نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے حج پر عائد حالیہ پابندی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پرانا نظام بحال کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو دوبارہ حج کی اجازت دے دی گئی ہے۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عازمینِ حج کی سہولت اور عوامی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سابقہ فیصلے میں ترمیم کر دی ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق 12 سال کی حد: اب وہ تمام بچے جن کی عمر 12 سال یا اس سے زائد ہے، حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
وہ ویزے جو 15 سال سے کم عمر ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیے گئے تھے، انہیں دوبارہ بحال کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سعودی حکام نے تمام متعلقہ ایئر لائنز اور حج مشنز کو مطلع کر دیا ہے کہ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو پروازوں میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے۔اس فیصلے سے ان ہزاروں خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جو اپنے بچوں کے ویزے منسوخ ہونے کی وجہ سے پریشان تھے۔
سعودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کے پاس تمام ضروری ویکسینیشن اور صحت کے سرٹیفکیٹس ہونا لازمی ہیں تاکہ دورانِ حج ان کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی عرب نے 15 سال سے کم عمر بچوں پر حج کی پابندی ختم کر دی، پرانی پالیسی بحال
04:39 PM, 2 May, 2026