لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے فائنل سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقینِ کرکٹ کے لیے خصوصی سفری اور داخلہ ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ میچ کے روز ٹریفک اور داخلے کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
پی سی بی کے مطابق جن شائقین کے پاس گیٹ نمبر 1 سے 8 تک کے ٹکٹ موجود ہیں، وہ اسٹیڈیم پہنچنے کے لیے فیفا گیٹ اور گلبرگ کالج والا راستہ استعمال کریں۔
اسی طرح گیٹ نمبر 9 سے 16 تک کے ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لبرٹی گیٹ کے راستے قذافی اسٹیڈیم میں داخل ہوں۔
پی ایس ایل 11 کا فائنل کل حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پی سی بی نے شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے شام 6 بج کر 15 منٹ تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔