وزیراعظم عمران خان اہم سرکاری دورہ پر چین پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان اہم سرکاری دورہ پر چین پہنچ گئے
کیپشن: عمران خان کا وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان چین کے اہم سرکاری دورہ پر بیجنگ پہنچ گئے۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر چین کے اہم سرکاری دورہ پر بیجنگ پہنچ گئے۔

بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ، چین میں پاکستان کے سفیر خالد مسعود اور چینی سفیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

عمران خان کا وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزرا شیخ رشید، خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال شامل ہیں۔

وزیراعظم آج چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ 3 نومبر کو وہ تیان من اسکوائر میں پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے جبکہ 3 نومبر کو ہی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سے ملاقات ہو گی۔

اسی روز وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہو گی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان 3 نومبر کو مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔

3 نومبر کو ہی وزیراعظم عمران خان کی چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات طے ہے۔4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی اسکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔

 چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔