آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے،وزیراعظم شہباز شریف

12:57 PM, 2 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ "آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے۔"

وزیراعظم نے کہا کہ صحافی عوام تک سچ اور حقائق کی رسائی ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکیاں یا انتقامی کارروائیاں آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا، "میں اس موقع پر تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق اور سچ کے لیے مشکلات جھیلیں، اور ان اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو صحافتی فرائض کی ادائیگی کے دوران کھو دیا۔"

وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت صحافیوں کے خلاف جرائم کی تفتیش، انصاف کی فراہمی اور ان جرائم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

آخر میں، شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی بنیاد ہے۔

مزیدخبریں