وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قومی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی پر مبارکباد

02:20 PM, 2 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ "گرین شرٹس نے شاندار کھیل پیش کیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف زبردست کارکردگی دکھائی، پوری قوم ٹیم کی کامیابی پر خوش ہے۔" انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم کے دیگر اراکین کی محنت کی بھی تعریف کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ قومی ٹیم نے جیت کے لیے جس عزم، محنت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "امید ہے کہ کرکٹ ٹیم اپنی کامیابی کی رفتار کو برقرار رکھے گی۔"

پاکستان نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی 20 میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔ بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ جبکہ فہیم اشرف کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

مزیدخبریں