صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 دن کی توسیع

01:49 PM, 2 Nov, 2025

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں ایک مرتبہ پھر 7 دن کی توسیع کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور سکیورٹی کے خطرات کا تدارک کرنا ہے۔

دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں ہر قسم کے احتجاج، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ، 4 یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ نیز، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مصروف افسران اور عدلیہ کو بھی اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کی گئی تھی، جس کی وجہ سکیورٹی خطرات اور عوامی جلوسوں اور دھرنوں کو دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بننے کا خدشہ تھا۔ محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدامات عوام کی حفاظت کے پیش نظر اٹھائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں