وزیراعظم کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر اظہارِ تشویش، پرامن حل کے لیے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع

09:26 AM, 2 Oct, 2025

اسلام آباد :  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حالیہ عوامی مظاہروں اور ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے پُرامن رہنے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کی پرزور اپیل کی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں اور امن عامہ کو برقرار رکھیں۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مظاہرین کے ساتھ صبر و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت عوامی جذبات کا مکمل احترام کرتی ہے اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری سختی سے گریز کیا جائے۔

محمد شہباز شریف نے مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

صورتحال کے پُرامن حل کے لیے حکومت نے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی توسیعی کمیٹی میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ شامل کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر مظفرآباد جائے، مقامی قیادت اور ایکشن کمیٹی سے مشاورت کرے، اور مسائل کا فوری و دیرپا حل تجویز کرے۔ کمیٹی اپنی سفارشات براہِ راست وزیراعظم آفس کو ارسال کرے گی تاکہ ان پر فوری عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ وطن واپسی پر مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کریں گے۔

مزیدخبریں