بحرین نے پاکستان سمیت چار ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا

بحرین نے پاکستان سمیت چار ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

منامہ: بحرین نے پاکستان سمیت چار ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے جس کے باعث پاکستانی شہری باآسانی خلیجی ریاست کا سفر کرسکیں گے تاہم اس کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا۔ 
عرب میڈیا کے مطابق خلیجی ریاست بحرین کی جانب سے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے متعدد ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے، بحرینی حکام نے 24 مئی سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر رکھا تھا اور پاکستانی شہری بحرین جانے سے قاصر تھے۔
رپورٹ کے مطابق بحرین نے پاکستان، بھارت، پانامہ اور ڈومینیکن ری پبلک کو سفری پابندی کی ریڈ لسٹ سے ہٹا دیا ہے اور اب ان ممالک کے شہری بحرین کا سفر کر سکتے ہیں جبکہ ان کیلئے آمد سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔ 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریڈ لسٹ سے ہٹائے گئے ممالک کے ان مسافروں کیلئے آمد سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں جن کے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹس کو تسلیم کیا گیا ہے تاہم انہیں بحرین میں داخل ہونے کے 5 ویں اور 10 ویں روز دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ بھارت، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال بھی ریڈ لسٹ میں شامل تھے جن میں سے پاکستان، انڈیا، پانامہ اور ڈومینیکن ری پبلک کو ریڈ لسٹ سے نکالا گیا ہے اور دیگر تمام ممالک تاحال ریڈ لسٹ میں ہی شامل ہیں۔