پنجاب میں سپر فلڈ نے تباہی مچا دی، ہزاروں افراد گھر بار سے محروم، لاکھوں متاثر

10:34 AM, 2 Sep, 2025

لاہور : پنجاب میں آئے دن جاری شدید بارشوں اور سپر فلڈ نے قیامت ڈھا دی ہے۔ پانی کی حد نگاہ تک پھیلاؤ نے معمولات زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور لاکھوں لوگ اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

شکر گڑھ میں نالہ بئیں کے سیلابی پانی نے فتح پور کے قریب پل بہا کر متعدد دیہات کو زمینی رابطے سے محروم کر دیا ہے، جس سے وہاں کے ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شور کوٹ میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے، جہاں سلطان باہو پل سے 4 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس سیلاب کے باعث 200 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے اور پانی کی آمد 2 لاکھ دو ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔

کمالیہ میں چیچہ وطنی روڈ پر سیلابی پانی کی وجہ سے بڑا شگاف پڑ گیا ہے جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ نالہ ڈیک کے سکروڑ کے مقام پر طغیانی نے تباہی مچا دی ہے، جہاں سیلابی ریلے میں ایک شخص بہہ گیا جبکہ ایک شہری درخت پر چڑھ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوا۔ کنڈیارو میں تین نوجوان سیلابی پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔

مزیدخبریں