غزہ: قابض اسرائیلی افواج کی غزہ میں ظلم و بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی حملوں میں مزید 98 فلسطینی شہید اور 404 زخمی ہو گئے۔ شہدا میں خوراک کی تلاش میں نکلنے والے 46 نہتے شہری بھی شامل ہیں، جب کہ غذائی قلت کے باعث 3 بچوں سمیت مزید 9 افراد دم توڑ گئے۔
وزارت صحت غزہ کے مطابق جاری جنگ میں اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 63 ہزار 557 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 660 سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی افواج کی جبری بے دخلی کی پالیسی بھی تیز ہو گئی ہے، اور اطلاعات کے مطابق 10 لاکھ فلسطینیوں کو جنوبی غزہ کی طرف منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ فلسطینی شہریوں نے ان جبری اقدامات اور کھلی نسل کشی کی پالیسی کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
غزہ میں انسانی المیہ شدید تر ہوتا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔