پنجاب میں سیلاب سے 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 41 ہلاکتیں، پی ڈی ایم اے

12:17 PM, 2 Sep, 2025

لاہور :  صوبہ پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور مختلف حادثات میں 26 اگست سے اب تک 41 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 3,243 دیہات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل، عرفان علی کاٹھیا نے لاہور میں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں تاحال سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری آبادیوں کو بچانے کے لیے بعض مقامات پر بندوں میں شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مسلسل پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں کمی نہیں آ رہی۔ "بھارت کی جانب سے آنے والے ریلے کی ہمیں پیشگی اطلاع دی گئی تھی، تاہم پانی کا بہاؤ بدستور جاری ہے،" انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جاری بارشوں کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں شدید رکاوٹیں درپیش ہیں۔ بہاولپور اور بہاولنگر اضلاع میں پانی داخل ہو چکا ہے، اور ہیڈ محمد والا پر سیلابی صورتحال کے باعث ہر قسم کی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔ خطرے کے پیش نظر ہیڈ سدھانی اور محمد والا پر بند توڑے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ ایک بڑا ریلا 5 ستمبر تک پنجند کے مقام پر پہنچنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔

اب تک صوبہ بھر میں 395 ریلیف کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ متاثرین کی تعداد 24 لاکھ 52 ہزار 185 تک پہنچ چکی ہے، جنہیں خوراک، پناہ اور طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

مزیدخبریں